یہ کتاب ۲۵۰ سالہ انسان جس کا مطلب و مفہوم، ائمۂ معصومین علیہم السلام کی مجاہدانہ زندگی کے مرام و مقصد کے بلند و بالا مفاہیم کی طرف منتقل کرنے میں مشعل راہ ہے ۔ یہ محض ایک تاریخی کتاب نہیں ہے بلکہ ایک عظیم تاریخی تحلیلی و تجزیاتی کتاب سے بڑھ کر ہے کہ جو حضرات معصومین علیہم السلام کی زندگی کے حالات وواقعات کی تشریح و تفصیل بیان کرنے کے بجائے ہرمعصوم کے مربوطہ عہد کی تاریخی زندگی پر ایک عمومی و کلی نظر ہے اور ان حضراتؑ کے یگانہ مقصود و مطلوب کے متعلق کہ جس کو پانے کی سعی ٔپیہم کرتے رہے منظر کشی کرتی ہے۔
ان امامان دین مبین و ہادیان شرع متین کی حیات طیبہ ظاہری فرق و اختلاف کے برخلاف (کہ جن کے بارے میں بعض نادان دوستوں اور دانا دشمنوں نے اس زندگی کے بعض حصوں کے درمیان تناقض محسوس کیا ہے) مجموعی طور پر ایک طولانی و لا متناہی تحریک ہے کہ جو گیارہ ہجری وصال پیغمبر اکرمؐ سے شروع ہوتی ہے اور ڈھائی سو(۲۵۰ )سال تک جاری و ساری رہتی ہے اور غیبت صغریٰ کے ابتدائی سال دو سو ساٹھ(۲۶۰) ہجری تک ائمۂ معصومین علیہم السلام کیمبارک زندگی میں اپنے اختتام تک پہنچ جاتی ہے۔
یہ ائمۂ ہدیٰؑ سب کے سب ایک ہی عصمت و ولایت کے حامل اور ایک ہی شخصیت کے مالک ہیں سب کا ہدف و مقصد ایک ہے، سب کی ذمہ داری ایک ہے لہٰذا ہم بجائے اس کے کہ مثلاً امام حسن مجتبیٰؑ کی زندگی کا ایک طرح سے ، امام حسینؑ کی زندگی کا دوسری طرح سے اور امام سجادؑ کی زندگی کا جداگانہ طور پر کسی اور طرح سے تجزیہ و تحلیل کریں( تاکہ کہیں اس خطرناک اشتباہ کے جال میں نہ پھنس جائیں کہ ائمۂ کرامؑ کی سیرت طیبہ ظاہری اختلاف کی وجہ سے آپس میں معارض و مخالف ہے) ہمیں چاہییٔ کہ ہم ایک ایسا انسان فرض کریں جس نے ڈھائی سو (۲۵۰) سال کی عمر تک زندگی بسر کی ہو اور اس نے سن ۱۱؍ ہجری میں ایک جادہ پر قدم رکھا ہو اور ۲۶۰؍ ہجری تک اسی جادہ پر چلتا رہا ہو۔
زیر نظر کتاب ملجأ و مأوائے مسلمانان ، مرجع و مقلد شیعیان ،ولی فقیہ زمان حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ السید علی خامنہ ای مد ظلہ العالی کی تحریروں اور تقریروںکا مرکز صہبا کے ذریعہ مرتب و مدون کیا ہوا فارسی مجموعہ ہے جسے مترجم شہیر، عالم بصیر اور محقق خبیر حجۃ الاسلام جناب مولانا نثار احمد زین پوری نے بے حد جانفشانی اور نہایت عرق ریزی کے بعد ترجمہ کا قالب عطا کرکے اردو داں حضرات کے مطالعہ کی راہ ہموار کردی ہے۔ ترجمہ ایسا سلیس، رواں اور عام فہم ہے کہ لگتا ہی نہیں ہے کہ یہ کسی کتاب کا ترجمہ ہے بلکہ خود ایک مستقل کتاب معلوم ہوتی ہے۔ خدا وند عالم ان کے ترجمہ کو شرف قبولیت عطا کرے اور ان کو مزید قلمی خدمات کاموقع عنایت فرمائے۔
ولایتپبلیکیشنزایک بار پھر اس کتاب مستطاب کو طباعت کے بعد راہیان ولایت و حامیان امامت کی خدمت میں پیش کرنے کا شرف حاصل کررہا ہے۔
ولایتپبلیکیشنز
نئی دہلی

clients testimonials

Are you looking for an Old Book which isn't available anywere?

Please click the button to contact, we will get back to you asap.